شیخ رشید نے ’کمال‘ کر دیا، پہلے ہی مہینے ریلوے کی آمدنی میں کتنا اضافہ ہو گیا؟ جان کر وزیراعظم بھی خوش ہو جائیں گے
تبدیلی کے مثبت اثرات ریلوے میں نظر آنا شروع ہو گئے ہیں اور نئی حکومت آنے کے بعد ریلوے کی آمدنی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیر ریلوے شیخ رشید کی پالیسی نے ایسا کمال کر دیا کہ صرف ایک مہینے میں ریلوے کی آمدن میں 55 کروڑ روپے کا اضافہ ہو گیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نئی حکومت کے آنے کے بعد وزارت ریلوے نے باقاعدہ طور پر ایک نئی پالیسی کے تحت کام شروع کیا ہے جس کے باعث آمدنی میں حیران کن طور پر اضافہ ہوا ہے۔ آمدن میں یہ اضافہ مسافروں کی تعداد اور فریٹ بزنس بڑھنے سے ہوا ہے اور گزشتہ 1 مہینے میں 55 کروڑ روپے زیادہ آمدنی ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ریلوے پر سالانہ 85 ارب روپے خرچ ہوتے ہیں جن میں سے 50 ارب روپے ریلوے کماتا ہے اور 36 ارب روپے خسارہ ہے جو قومی خزانے سے دیا جاتا ہے۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ اگر اسی رفتار سے کام ہوتا رہا اور آمدن بڑھتی رہی تو اس سال کے اختتام تک ریلوے کا خسارہ 36 ارب روپے سے کم ہو 29 سے 30 ارب روپے ہو جائے گا۔