سعودی عرب میں آج رمضان المبارک کا چاند دیکھا جائے گا
سعودی عرب میں آج 29 شعبان کو رمضان المبارک کا چاند دیکھا جائے گا۔ سعودی سپریم کورٹ نے رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام الناس کھلی آنکھ یا خصوصی آلات سے چاند نظر آنے کی شہادت سپریم کورٹ میں رجسٹر کرائیں۔
سپریم کورٹ کی جانب سے چاند دیکھنے سے متعلق رویت ہلال کی نجی کمیٹیوں کو بھی تعاون کی ہدایت کی گئی ہے۔ سعودی عرب میں آج چاند کی رویت سے متعلق مختلف رائے سامنے آ رہی ہیں۔ چاند کی شہادتیں ملنے کے بعد سپریم کورٹ ماہ رمضان المبارک کا اعلان کرے گی۔سعودی عرب میں المجمعہ یونیورسٹی کے فلکیاتی ادارے کے مطابق آج چاند شام 6:35 پر 286 درجہ شمال مغرب میں غروب ہو جائے گا جب کہ سورج 6:36 پر غروب ہو گا۔ اس طرح غروب آفتاب کے وقت ہلال کی عمر 3 گھنٹے
48 منٹ ہو گی۔المجمعہ یونیورسٹی کے سیکریٹری اور فلکیاتی رصد گاہ کی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر مسلم بن محمد الدوسری کے مطابق 30 شعبان 1439 ہجری بمطابق 16 مئی 2018ء کو سورج شام 6:36 پر 291 درجے پر غروب ہو گا اور ہلال 290 درجے پر شام 7:40 پر غروب ہو گا۔اس طرح ہلال غروبِ آفتاب کے تقریباً 64 منٹ بعد غروب ہو گا۔ اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ رمضان المبارک کے سلسلے میں رویت ہلال سائنسی طور پر آج ممکن نہیں اور پہلا روزہ جمعرات کو ہونے کا امکان ہے۔