”ٹیم میٹنگ میں طے ہوا تھا کہ پہلا اوور یاسر شاہ کریں گے لیکن جب فخر زمان نے۔۔۔“ پی ایس ایل سے باہر ہونے پر فواد رانا ’پھٹ‘ پڑے، تہلکہ خیز انکشاف کر دیا
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے سیزن کا میلہ پاکستان میں سج چکا ہے اور گزشتہ سیزنز کی نسبت ہر شعبے میں ہی بہتری نظر آئی ہے لیکن اگر کوئی چیز بہتر نہیں ہو سکی تو وہ ہے لاہور قلندرز کی کارکردگی، جو اس مرتبہ پر پوائنٹس ٹیبل پر آخری پوزیشن حاصل کر سکی۔
لاہور قلندرز کے مالک فواد ررانا اپنی ٹیم کی کارکردگی دلبرداشتہ بھی ہیں اور اگلے سیزن میں غلطیوں پر قابو پا کر بہتر کارکردگی دکھانے کیلئے پرعزم بھی، مگر انہوں نے رواں سیزن میں ہونے والی چند اہم غلطیوں سے متعلق حیران کن انکشاف کیا ہے جس کے بارے میں جان کر آپ بھی حیران پریشان رہ جائیں گے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فواد رانا نے کہا کہ اس سال بہت بدقسمتی رہی کیونکہ جب آپ ایک ٹیم منتخب کرتے ہیں اور اس میں سے 8 لوگ باہر ہو جائیں تو بہت افسوس بھی ہوتا ہے اور ٹیم کی کارکردگی پر اثر بھی پڑتا ہے۔ ہمارے کپتان محمد حفیظ چلے گئے جس کے بعد اے بی ڈویلیئرز بھی چلا گیا اور پھر کارلوس بریتھ ویٹ بھی ساتھ چھوڑ گئے۔ شاہین شاہ آفریدی آخری تین میچوں میں ان فٹ رہے جبکہ لامی چانے بھی ان فٹ تھے مگر گزشتہ سالوں کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے یہ جواز پیش نہیں کیا جا سکتا اور موجودہ ٹیم کو بھی بہتر کارکردگی دکھانا چاہئے تھی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ابوظہبی میں پشاور زلمی کے خلاف کھیلا گیا میچ ٹرننگ پوائنٹ تھا جب ہم نے صرف 20 رنز پر پانچ آﺅٹ کر لئے تھے جس کے بعد مومینٹم نہ پکڑنے کی کوئی وجہ نہیں بنتی تھی۔ خاص طور پر اس میچ سے پہلے کراچی کیخلاف دبئی میں کھیلے گئے میچ میں ٹیم میٹنگ میں یہ طے کیا گیا کہ پہلا اوور یاسر شاہ کریں گے لیکن میدان میں جا کر جب انہوں نے خود پہلا اوور کیا تو بہت ہی بڑا سرپرائز تھا اور سب ہی حیرت زدہ رہ گئے تھے۔
فواد رانا کا کہنا تھا کہ کوچ عاقب جاوید نے جو پلان دئیے تھے ان پر عمل نہیں ہوا، ہمارے پاس آسٹریلیا اور نائٹ رائیڈرز کے بہترین کوچ اور اینالسٹ ہیں جو ویڈیوز دکھا کر بتاتے ہیں کہ کسے کہاں بال کرنی ہے اور یہ ساری بریفنگ میں خود بھی لیتا رہا لیکن جب کھلاڑی میدان میں گئے تو کچھ اور ہی کھیل پیش کیا گیا۔ کارکردگی میں بہتری کیلئے انتظامیہ کو بدلا بھی جا سکتا ہے مگر جن لڑکوں نے کارکردگی دکھانی ہوتی ہے،وہ گیم پلان پر عمل ہی نہیں کریں گے تو نتیجہ ایسا ہی نکلے گا۔