”بعض وزرا فل باڈی ویکس کرواتے ہیں“ رانا ثناءاللہ نے یہ بات کہی تو آگے سے مراد سعید نے کیا جواب دیا؟ قومی اسمبلی سے دھواں دار خبر آگئی
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب ن لیگ کے رکن رانا ثنا اللہ نے ریحام خان کی کتاب کا حوالہ دیا۔ جواب میں مراد سعید نے بھی رانا ثنااللہ کو ماضی یاد دلادیا۔
ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم علی سوری کی زیر صدارت جاری اجلاس میں رانا ثناءاللہ خان کو اظہار خیال کا موقع ملا تو وہ حکومتی وزرا پر چڑھ دوڑے۔ رانا ثناءاللہ نے کہا ” بعض وزرا کے متعلق ریحام خان نے کہا ہے کہ یہ فل باڈی ویکس کرواتے ہیں“۔ رانا ثنا اللہ کے اس بیان پر قومی اسمبلی میں ہنگامہ برپا ہوگیا اور حکومتی ارکان نے نعرے بازی شروع کردی، ڈپٹی سپیکر کی جانب سے بھی بار بار رانا ثنا اللہ کو ایسے الفاظ کے استعمال سے منع کیا گیا تو انہوں نے آگے سے کہا کہ وہ اپنی بات نہیں کر رہے بلکہ یہ بات تو ایک کتاب میں لکھی ہوئی ہے۔خیال رہے کہ رانا ثنا اللہ کی بات کا اشارہ مراد سعید کی جانب تھا کیونکہ ریحام خان نے اپنی کتاب میں انہی کے متعلق ایسا لکھا ہے۔
رانا ثنا ءاللہ کے خطاب کے بعد وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید نے ذاتی وضاحت دیتے ہوئے کہا ” جو موصوف گفتگو کر رہے تھے انہوں نے اپنے موجودہ قائد کی صاحبزادی کے بارے میں کیا کچھ کہا تھا وہ ریکارڈ کا حصہ ہے۔ میں سلام پیش کرتا ہوں محترمہ کو کہ انہوں نے اس وقت ایکشن لیا تھا۔ میرے خیال سے یہ رنگ بدلتے رہتے ہیں اور اپنے رہنما کی چاپلوسی کیلئے کسی بھی حد تک جاتے رہتے ہیں“۔
واضح رہے کہ رانا ثناءاللہ خان پہلے پیپلز پارٹی کا حصہ تھے اور انہوں نے مریم نواز اور بیگم کلثوم نواز کے بارے میں انتہائی نامناسب بات کہی تھی جس پر انہیں بینظیر بھٹو نے اپنی پارٹی سے نکال دیا تھا۔