وہ واحد ریسٹورنٹ جہاں آپ کیش کی بجائے کام کر کے کھانے کا بل ادا کرسکتے ہیں، ایک وقت کے کھانے کے بدلے کتنی دیر کام کرنا پڑتا ہے؟ جان کر آپ کو بھی بے حد حیرت ہوگی
دنیا بھر میں ریستورانوں میں کھانا رقم کے عوض ہی ملتا ہے لیکن جاپان میں ایک ایسا ریستوران ہے جہاں کام کے عوض بھی کھانا مہیا کیا جاتا ہے۔
میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق اس ہوٹل کا نام میرائی شوکوڈو(Mirai Shokudo)ہے جو جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں واقع ہے۔ یہ ہوٹل سیکئی کوبایاشی (Sekai Kobayashi) نامی 33سالہ خاتون نے کھولا ہے۔ اس ہوٹل میں آنے والے گاہکوں کو بھی رقم کے عوض کھانا فراہم کیا جاتا ہے لیکن جس گاہک کے پاس رقم نہ ہو اس کے لیے ایک اور آپشن بھی رکھا گیا ہے۔ ایسا گاہک اپنی پسند کا کھانا کھائے اور اس کے بعد صرف 50منٹ تک ہوٹل میں کام کرے اور چلا جائے۔
رپورٹ کے مطابق ہوٹل میں ایسے گاہکوں سے جو کام کروائے جاتے ہیں ان میں برتن صاف کرنا، گاہکوں سے آرڈر لینا، میز صاف کرنا وغیرہ شامل ہیں۔
سیکئی کوبایاشی کا کہنا ہے کہ ”میں کھانا بہت اچھا بناتی تھی، میرے آفس میں لوگ میرا بنایا کھانا بہت پسند کرتے تھے، وہاں سے مجھے خیال آیا کہ مجھے اپنا ریستوران کھولنا چاہیے، اس کے ساتھ ہی مجھے یہ آئیڈیا بھی آیا کہ اس ریستوران میں کوئی ایسا آپشن بھی ہونا چاہیے جس کے ذریعے غریب لوگ بھی کھانا کھا سکیں، چنانچہ میں کام کے عوض بھی کھانا فراہم کرنا شروع کر دیا۔
ہوٹل قائم ہوئے ایک سال ہو گیا ہے اور اس دوران 500لوگ یہاں سے کام کے عوض کھانا کھا چکے ہیں۔“