’آپ کے بچے کی موت ہوگئی‘ بچے کی پیدائش کے بعد ہسپتال کا ماں باپ کو جواب، پھر کئی سال بعد ایک ایسا کاغذ سامنے آگیا کہ دونوں کے ہوش اُڑگئے

سات سال قبل روس کے ایک میاں بیوی کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی لیکن ڈاکٹروں نے انہیں بتایا کہ ان کے بچے کی موت واقع ہو گئی ہے چنانچہ وہ خالی ہاتھ گھر واپس چلے گئے۔ اتنے عرصے بعد گزشتہ دنوں ان کے گھر ایک خط آیا جس میں ایسی چیز موجود تھی کہ دیکھ کر اس جوڑے کے ہوش اڑ گئے۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق روسی شہر وولگوگارڈ کے رہائشی اس جوڑے کے ہاں پیدا ہونے والا بچہ درحقیقت مرا نہیں تھا بلکہ زندہ تھا۔ یہ خط انہیں ایک یتیم خانے کی طرف سے موصول ہوا تھا جس میں ان کے بچے کے گزشتہ 7سال کے اخراجات کا 3ہزار پاﺅنڈ (تقریباً ساڑھے 4لاکھ روپے) کا بل تھا، جو انہیں ادا کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔
جب خط پہنچا تو اسے پڑھ کر بچے کی ماں بے ہوش ہو گئی اور اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنا پڑ گیا۔ شوہر کا کہنا تھا کہ ”اس تمام عرصے میں ہم کئی بار ہسپتال گئے اور ہر بار ہمیں یقین دہانی کرائی گئی کہ ہمارا بچہ مر چکا ہے لیکن پیدائش کے سات سال بعد ہم اپنے بچے کو پہلی بار زندہ دیکھ رہے ہیں۔“ رپورٹ کے مطابق اس جوڑے نے بچے کو حاصل کرنے اور اپنے والدین ہونے کے حقوق دوبارہ بحال کرانے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کر دی ہے اور قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ان کا بچہ ان کے حوالے کر دیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.