سالی سے تعلق کے لیے بیوی کو قتل کرنے والا شخص
آسٹریلیا میں ایک شخص نے اپنی بیوی کو اس لیے قتل کردیا کیونکہ وہ اپنی سالی سے تعلق قائم کرنا چاہتا تھا۔
آسٹریلین ویب سائٹ نیوز ڈاٹ کام اے یو کی رپورٹ کے مطابق 37 سالہ احمد داﺅد سعادت نے اپنی 32 سالہ بیوی فہیمہ یوسف کو گزشتہ سال اگست میں قتل کیا تھا۔
آسٹریلین عدالت میں مقدمے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ احمد سعادت نے یہ قتل اس لیے کیا کیونکہ وہ بیوی کی بہن سے تعلق قائم کرنا چاہتا تھا۔
مغربی آسٹریلین سپریم کورٹ نے احمد سعادت کو 23 سال قید کی سزا سنائی ہے اور عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ قاتل نے اس قتل کی منصوبہ بندی ہفتوں تک کی۔
احمد سعادت کے وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ اس کے موکل کی بیوی میں دلچسپی ختم ہوگئی تھی کیونکہ وہ اس کی ضروریات پوری نہیں کرپارہی تھی۔
دونوں کی شادی کو 8 سال ہوگئے تھے — فہیمہ یوسف فیس بک پیج
اس نے اپنی بیوی کو نیند کے دوران گاڑی کے رینچ سے وار کیے اور پھر گلا گھونٹ کرمارا اور پھر گھر کے باغ کے اس سوراخ میں دفنا دیا جو ایک کنٹریکٹر نے بچوں کے لیے سوئمنگ پول لگانے کے لیے کھودا تھا۔
احمد سعادت کے مطابق اس کی بیوی کے آخری الفاظ تھے آئی لو یو۔
جس پر جج کا کہنا تھا کہ ان الفاظ سے خاتون کی دہشت اور شوہر کو روکنے کی خواہش نظر آتی ہے اور محسوس ہوتا ہے کہ اسے کیسا دھچکا لگا ہوگا۔
بیوی کو دفنانے کے بعد احمد سعادت نے اپنے دوستوں اور پڑوسیوں کو بتایا کہ اس کی بیوی آنکھوں کی سرجری کے لیے برطانیہ گئی ہے جبکہ اس کی بہن کو بتایا کہ وہ اس کو چھوڑ کر چلی گئی ہے۔
اس نے اپنے ایک دوست کو کہا کہ وہ مقتولہ کے والد سے رابطہ کرکے خود کو پولیس افسر ظاہر کرے۔
چار دن کے بعد فہیمہ کی گمشدگی کی رپورٹ درج ہوئی اور پولیس نے اگلے دن لاش برآمد کرلی۔
احمد سعادت کے ایک دوست نے بتایا کہ وہ اپنی سالی سے تعلق قائم کرنا چاہتا تھا جبکہ وہ اسے بھائی سمجھتی تھی۔
اس جوڑے نے ایک ساتھ 8 سال گزارے تھے اور ان کے 2 بچے بھی ہیں۔