سرفراز احمد نے نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست دل پر لے لی، کپتانی سے متعلق سب سے بڑا اعلان کر دیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹیسٹ کرکٹ کی قیادت چھوڑنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حالات ایسے ہی رہے تو پھر ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوچنا پڑے گا، دورہ جنوبی افریقہ اس معاملے میں اہم ہو سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ اب بہت ہو چکا، ہمیں نتائج کے بارے میں اب سنجیدگی کے ساتھ سوچنا ہو گا۔ نیوزی لینڈ کیخلاف یو اے ای ٹیسٹ سیریز ہارنا افسوسناک ہے، ابوظہبی میں ہم دونوں ٹیسٹ جیت کی پوزیشن میں آکر ہارے ہیں، اسے اتنی آسانی سے مان لینا مشکل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ لڑکے محنت نہیں کرتے اور کوچز بتاتے نہیں، یہ سب کہنا فضول ہوگا، حقیقت یہ ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ سب اپنی ذمہ داری کو ادا کرنا سمجھیں۔سرفرار احمد کا کہنا تھا کہ ہمیں ٹیسٹ کرکٹ میں لمبی اننگز کھیلنے والے کھلاڑی چاہئیں جبکہ اوپنرز کو نئی گیند کے ساتھ وکٹ پر وقت گزارنے کی عادت ڈالنا ہوگی۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ اگر ہم یو اے ای میں نہیں جیت سکتے تو جنوبی افریقہ میں فتح کے بارے میں سوچنا حیران کن ہی ہو گا، ہارنا کسی کو اچھا نہیں لگتا اور ایک کپتان کی حیثیت سے میں بھی خوش نہیں ہوں اور یہ سمجھتا ہوں کہ اچھا کھیل کر بھی ہار جانے پر وضاحت مشکل ہو جاتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فی الحال ٹیسٹ کرکٹ کی قیادت چھوڑنے کے بارے میں کچھ نہیں سوچ رہا، اگر حالات یہی رہے تو پھر سوچنا پڑے گا، خاص طور پر دورہ جنوبی افریقہ اس معاملے میں اہم بھی ہو سکتا ہے، وہاں ہمیں صرف مثبت سوچ کے ساتھ کھیلنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کا دورہ ایک مشکل اور کٹھن دورہ ہے، جسے آپ بالکل آسان نہیں کہہ سکتے، جنوبی افریقہ کے دورے کے بعد کم ازکم چھ ماہ کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں اگر نتائج مثبت نہ ہوئے تو جنوبی افریقہ کے دورے کے بعد ٹیسٹ کی کپتانی کو لے کر ضرور سوچ بچار کروں گا۔

Source

Leave A Reply

Your email address will not be published.