” سکول کی دو چھوٹی بچیاں بھاگتی ہوئی وزیراعلیٰ پنجاب کے پاس آئیں اور کہا کہ ہم نے ایک شکایت لگانی ہے کہ۔۔۔“ بچیوں نے کیا شکایت لگائی اور پھر وزیراعلیٰ پنجاب نے کون سا بڑا حکم جاری کر دیا؟
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے دو چھوٹی بچیوں کی جانب سے سکول میں پٹائی ہونے کی شکایت پر محکمہ تعلیم کو تشدد کلچر ختم کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار آج اسلام آباد سے لاہور کی طرف واپس آ رہے تھے کہ وہاں سکول کی دو چھوٹی بچیاں جو چوتھی اور پانچویں کلاس میں پڑھتی تھیں، بھاگی بھاگی آئیں اور کہا کہ ہمیں کسی نے بتایا کہ آپ وزیراعلیٰ پنجاب ہیں جس پر انہوں نے کہا کہ جی میں وزیراعلیٰ پنجاب ہوں تو بچیوں نے کہا کہ ہم نے آپ کو ایک چھوٹی سی شکایت لگانی ہے۔
بچیوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کو بتایا کہ ہماری سکول کی ٹیچرز ہمیں مارتی ہیں حالانکہ ہم کام بھی کرتی ہیں اور پڑھائی پر مکمل توجہ دیتی ہیں جس پر وزیراعلیٰ نے ہلکے پھلکے انداز میں انہیں یقین دلایا کہ اب آپ کو مار نہیں پڑے گی اور پھر لاہور پہنچ کر محکمہ تعلیم کو فوری یہ ہدایت جاری کی کہ پرائیویٹ اور سرکاری سکولوں کو یہ ہدایات دی جائیں کہ چھوٹے بچوں کو مارنے کی روایت ختم کی جائے اور دوبارہ ایسی شکایت کسی بچے کی طرف سے نہیں آنی چاہئے۔
فیاض الحسن چوہان نے مزید بتایا کہ سب سے اچھی بات یہ ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب تک عام بچیوں کو بھی رسائی حاصل ہے جنہوں نے انتہائی عوامی انداز میں ان سے ملاقات کی اور وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی بہترین ردعمل دیا۔