چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ کے بعد سیکریٹری خزانہ بھی تبدیل

وفاقی حکومت نے چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف کے بعد سیکریٹری خزانہ یونس ڈھاگا کو بھی تبدیل کردیا ہے۔

حکومت نے سیکرٹری خزانہ یونس ڈھاگا کو عہدے سے ہٹاتے ہوئے سیکرٹری کابینہ ڈویژن نوید کامران بلوچ کو نیا سیکرٹری خزانہ بنادیا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نوید کامران بلوچ کی تعیناتی کا نوٹفکیشن جاری کرتے ہوئے یونس ڈھاگا کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
آئی ایم ایف سے مذاکرات پر مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور سیکریٹری خزانہ یونس ڈھاگا کے درمیان اختلافات تھے اور یونس ڈھاگا نے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے آخری دور میں شرکت بھی نہیں کی تھی۔

نعیم زمیندار کو نیا چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ جبکہ سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی معروف افضل کو نوید کامران بلوچ کی جگہ سیکرٹری کابینہ تعینات کردیا گیا ہے۔ چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف نے گزشتہ روز اپنے عہدے سے استعفی دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق ہارون شریف کے مشیر خزانہ حفیظ شیخ اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد سے مختلف معاملات پر اختلافات تھے جس کی وجہ سے انہیں عہدہ چھوڑنے کا کہا گیا تھا۔

ہارون شریف نے وزیراعظم کی صدر ورلڈ بینک سے ٹیلی ٹاک میں وزارت خزانہ کو شامل نہیں کیا تھا۔ ہارون شریف کے براہ راست وزیراعظم آفس سے رجوع کرنے پر رازق داؤد نالاں تھے اور حفیظ شیخ نے بھی ہارون شریف سے خفگی کا اظہار کیا تھا۔

Source

Leave A Reply

Your email address will not be published.