’شادی شدہ جوڑوں کی زندگی میں سب سے زیادہ خوشی والا وقت وہ ہوتا ہے جب۔۔۔‘ سائنسدانوں نے سب سے بڑا راز بتادیا
شادی شدہ زندگی کا خوشگوار ترین دور کون سا ہوتا ہے؟ اس سوال کے جواب میں تقریباً ہرکوئی یہی کہے گا کہ شروع کے دن بہت ہی پیارے ہوتے ہیں، اور اسی لئے تو اس دور کو ہنی مون بھی کہا جاتا ہے۔ یہ سادہ سی بات اپنی جگہ، مگر سائنسدانوں کوتو آپ جانتے ہی ہیں۔ انہیں ہر بات پر شک ہوتا ہے لہٰذا اس بات کی بھی کھوج شروع کر دی کہ ازدواجی زندگی کا سب سے خوشیوں بھرا دور کون سا ہوتا ہے۔ اور ہماری توقع کے بالکل برعکس اس سوال کا ایک ایسا جواب بھی ڈھونڈ لیا ہے جو ہر کسی کو حیران کر رہا ہے۔
پنسلوانیا سٹیٹ اینڈ برائیگم ینگ یونیورسٹی کی جانب سے کی گئی اس تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ازدواجی زندگی کا خوشگوار ترین دور شادی کے فوری بعد نہیں بلکہ تقریباً 20 سال بعد شروع ہوتا ہے۔ اس تحقیق کے لئے 2034 شادی شدہ افراد کی زندگی کا مطالعہ 22 سال تک جاری رہا۔ اس تحقیق میں ازدواجی مسرت کا
احساس، باہمی اختلافات، شادی شدہ زندگی کا دورانیہ، مشترکہ دلچسپیوں، گھریلو زندگی میں تعاون، اور بچوں کی پرورش میں کردار جیسے متعدد عوامل کا تجزیہ کیا گیا۔ ان تمام عوامل کے تجزیے کے بعد معلوم ہوا کہ ازدواجی زندگی کے تقریباً 20 سال پورے ہوجانے پر کسی بھی جوڑے کی زندگی کا خوشگوار ترین دور شروع ہوتا ہے۔
تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ کچھ جوڑے جلد ہی باہمی اختلافات اور تلخیوں کے باعث ہمت ہارجاتے ہیں اور علیحدگی اختیار کرلیتے ہیں۔ اس کے برعکس جو افراد زندگی کی مشکلات اور باہمی اختلافات کو مل کر برداشت کرتے ہوئے ایک دوسرے کے ساتھ چلتے ہیں، تقریباً 20 سال کے بعد ان کی زندگی سے یہ تلخیاں ختم ہونا شروع ہوجاتی ہیں اور ایک نئے پُر اطمینان دور کا آغاز ہوجاتا ہے۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اگر باہمی اختلافات ہونے کے باوجود میاں بیوی ایک دوسرے کے ساتھ زندگی بسر کرنے کے لئے پرعزم رہتے ہیں اور مل کر تلخیوں اور مشکلات کا مقابلہ کرتے ہیں تو قدرتی طور پر ان کے درمیان ایک مضبوط رشتہ اور تعلق بننا شروع ہوجاتا ہے۔ یہ تعلق ان کے تمام تر اختلافات پر غالب آجاتا ہے اور بالآخر وہ ایک ایسے دور میں داخل ہوجاتے ہیں جو ان کے لئے غیر معمولی مسرت کا سبب بنتا ہے۔