ڈالر کی بڑھتی قیمت کی وجہ امریکا اور چائنہ کے درمیان معاملات ہیں، شاہ محمود قریشی
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ گورنر اسٹیٹ بینک کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ ڈالر کے ریٹ کو دیکھیں وزیر خزانہ کا اس سے تعلق نہیں ہوتا۔
ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ڈالر کے حوالے سے اسٹیٹ بینک خود مختار ہے اور اسٹیٹ بینک کے گورنر کی بنیادی ذمہ داری ہےکہ وہ ڈالر کی قیمت کو دیکھیں، ملک میں روپے کی قدر کا گرنا اور ڈالر کی قیمت کا بڑھنا وزیر خزانہ کا اس سے تعلق نہیں ہوتا، امریکا اور چائینہ کے درمیان معاملات بھی ڈالر پر اثر انداز ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میں قیاس ارائیوں پر بات نہیں کرتا ٹھوس ثبوت اور شواہد کے ساتھ بات کرتا ہوں، نئے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کبھی حکومتی عہدے پر نہیں رہے، وہ ٹیکنوکریٹ ضرور ہیں اور ٹیکس ریونیو کے حوالے سے ماہر ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی پارٹیوں کا اپنا فیصلہ ہے وہ احتجاج کرنا چاہتے ہیں تو عید کے بعد اپنا شوق پورا کر لیں۔