نیازی صاحب کی نالائقی، نااہلی اور کوتاہی نے پاکستان کی معیشت کو بدترین معیشت بنا دیا محب وطن قوتوں کوکچھ سوچناہوگا،شہبازشریف

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈوبتی معیشت قومی سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہے اور محب وطن قوتوں کو کچھ سوچنا ہوگا۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اوگرا کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں مزید 45 فیصد مجوزہ اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس اضافے کی سمری کو مسترد کیا جائے۔

لندن سے جاری بیان میں حکومتی معاشی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نیازی حکومت ملکی امور چلانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، ملکی معیشت اسی طرح ڈوبتی رہی تو قومی سلامتی کے لئے سنگین خطرہ ہوگی اس لئے بہتر ہے کہ نالائق اور نااہل ٹولہ ملک و قوم کے مفاد پر تجربات کرنے کے بجائے گھر چلا جائے کیونکہ نااہل ٹیم جس قدر جلد حکومتی امور سے الگ ہو جائے اتنا ہی ملک و قوم کے حق میں بہتر ہوگا۔

ن لیگ کے صدر نے کہا کہ نیازی صاحب کی نالائقی، نااہلی اور کوتاہ نظری نے پاکستان کی معیشت کو ایشیا کی بدترین معیشت بنا دیا ہے اور قوم اس وقت سب سے بڑی تبدیلی یہ چاہتی ہے کہ نااہل اور نالائق ٹولہ تبدیل ہو جائے، گیس، بجلی، پٹرول اور دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد عوام کیسے زندہ رہیں گے اور کاروبار کیسے ہوگا؟۔

قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ وقت ثابت کر رہا ہے کہ نیازی صاحب لوگوں کو صرف گالیاں دے سکتے ہیں لیکن ملک گالیاں دینے سے نہیں چلتے، ملک کی سنگین ہوتی معاشی صورتحال خطرے کی گھنٹیاں بجا رہی ہے، ملک و قوم یہ مزید دباؤ برداشت کرنے کے متحمل نہیں اس لئے محب وطن قوتوں کو اس حوالے سے کچھ سوچنا ہوگا کیونکہ خدانخواستہ معیشت اس سے مزید نیچے گئی تو پھر اس کی واپسی معجزہ ہی ہوگی۔

Source

Leave A Reply

Your email address will not be published.