دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے شہید ہونے والے کانسٹیبل عامر خان کا تعلق کس خاندان سے ہے اور پاکستان کیلئے ان کی کیا قربانیاں ہیں؟ ایسی خبر آ گئی کہ آپ بھی انہیں ’سیلوٹ‘ کریں گے

چینی قونصلیٹ پر حملے کے نتیجے میں دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے اے ایس آئی اشرف داؤد اور کانسٹیبل عامر خان نے جانوں کے نذرانے پیش کئے۔

شہید ہونے والے 35 سالہ پولیس کانسٹیبل عامر خان کے بھائی اور بھتیجا بھی پولیس فورس کے شہید ہیں جنہوں نے ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کے گھر پر حملے کے دوران جام شہادت نوش کیا۔ شہید پولیس کانسٹیبل عامر خان کے بھائی عجب خان نے نجی ٹی وی جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چینی قونصلیٹ پر حملے کے بعد عامر کے دوست کا فون آیا اور اس نے بتایا کہ چینی قونصلیٹ پر حملہ ہوا ہے اور عامر کا فون نہیں لگ رہا۔

عجب خان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے دوسرے بھائی کو جناح ہسپتال بھیجا تو معلوم ہوا کہ عامر شہید ہوگیا ہے۔عجب خان کے مطابق شہید پولیس کانسٹیبل عامر خان کا ایک 2 ماہ کا بیٹا ہے جبکہ بڑے بھائی کیساتھ ساتھ ان کا بھتیجا بھی شہید ہوچکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہم 5 بھائی تھے، 2 شہید ہوگئے اور ایک بھتیجے نے بھی پولیس فورس میں رہتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

واضح رہے کہ 3 دہشت گردوں نے آج صبح کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش کی، جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے تینوں حملہ آوروں کو ہلاک کرکے ان کے قبضے سے خودکش جیکٹس اور اسلحہ برآمد کیا۔دوسری جانب کارروائی میں 2 پولیس اہلکار کانسٹیبل عامر خان اور اے ایس آئی اشرف داؤد شہید ہوئے جبکہ ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی بھی ہوا، تاہم قونصل خانے کا چینی عملہ واقعے میں بالکل محفوظ رہا۔

Source

Leave A Reply

Your email address will not be published.