پی ٹی وی کرپشن کیس؛ شاہد مسعود اڈیالہ جیل منتقل
عدالت نے پی ٹی وی کرپشن کیس میں اینکر پرسن شاہد مسعود کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوانے کا حکم دے دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف آئی اے نے پی ٹی وی کرپشن کیس میں زیر حراست شاہد مسعود کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ڈیوٹی جج انعام اللہ کے روبرو پیش کیا۔
ایف آئی اے نے سابق ایم ڈی پی ٹی وی شاہد مسعود کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ شاہد مسعود نے کرکٹ میچز دکھانے کے لیے کیٹرنگ کا بزنس کرنے والی کمپنی سے معاہدے کی منظوری دی، جعلی کمپنی کو 3 کروڑ 70 لاکھ روپے کی ادائیگی کی گئی۔ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اس لئے ملزم کے ریمانڈ میں مزید اضافہ کیا جائے۔
پی ٹی وی کے وکیل نے دلائل دیے کہ دو شریک ملزمان کاشف ربانی اور روشن مصطفیٰ اب تک مجموعی طور پر 2 کروڑ 9 لاکھ روپے واپس کر چکے ہیں۔ عدالت نے مزید ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے شاہد مسعود کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوانے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ شاہد مسعود پر کیٹرنگ اور دیگوں کا کاروبار کرنے والی کمپنی کے ساتھ کرکٹ میچز کے نشریاتی حقوق کے معاہدے کی منظوری دینے کا الزام ہے۔