انتخابات2018ء: شاہ رخ کی کزن کا پشاور سے انتخاب لڑنے کا امکان
بالی ووڈ کے عہدِ حاضر میں 3 خانز بہت مشہور ہیں، ان میں سب سے زیادہ معروف اور کامیاب شاہ رخ خان ہیں، جن کا آبائی تعلق پشاور سے ہے۔ ان کے والد تاج محمد پڑھائی اور روزگار کے سلسلے میں پشاور سے دہلی چلے گئے اور وہیں کے ہوگئے، جبکہ ان کے دادا میر جان محمد 1895ءمیں کشمیر سے پشاور ہجرت کرکے آئے تھے۔
مقامی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان کی پیدائش ہندوستان کی ہے، مگر انہیں پاکستان میں اپنے آبائی پس منظر سے جذباتی وابستگی ہے۔ وہ کم عمری میں 2 مرتبہ پشاور آچکے ہیں بلکہ لاہور اور کراچی سمیت دیگر شہروں کی سیاحت بھی کرچکے ہیں، اب ان کی خواہش ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ایک بار ضرور اپنا آبائی شہر دکھائیں۔پشاور کے قصہ خوانی بازار میں مقیم ان کے چچا کی بیٹی اور
عوامی نیشنل پارٹی کی متحرک کارکن اور رہنما نور جہاں ہی وہ شخصیت ہیں، جن سے شاہ رخ خان رابطے میں رہتے ہیں۔ دونوں بچپن سے ایک دوسرے سے ملتے رہے ہیں۔ دونوں کی پیشہ ورانہ زندگی شروع ہوئی تو بھی رابطہ نہ ٹوٹا۔ 2 مرتبہ نورجہاں انڈیا گئیں تو شاہ رخ خان ان کے میزبان بنے۔
شاہ رخ خان اور نورجہاں کی مادری زبان ہندکو ہے، شاہ رخ خان تو یہ زبان بولنے سے قاصر ہیں البتہ نورجہاں اس زبان کو بولنے میں رواں ہیں۔ددھیال کی طرف سے رستم زماں گاما پہلوان سے بھی خاندانی تعلق رکھنے والی نورجہاں کے دادا اور ان کے پانچوں بیٹے، باچا خان کے سیاسی پیروکار تھے، اب اس وراثت کو نور جہاں آگے لے کر چل رہی ہیں اور آگے چل کر وہ ایم پی اے کا الیکشن لڑنے کا سو چ رہی ہیں۔