”پاکستان تب ہی جاﺅں گا اگر ۔۔۔“کراچی کنگز کے خلاف شانداربیٹنگ کرنے والے شین واٹسن نے اپنا فیصلہ سنا دیا
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بلے باز شین واٹسن نے کہا ہے کہ پاکستان جانے کے لئے انہیں کچھ رکاوٹوں کا سامنا ہے تاہم اس حوالے سے انہیں اپنے اہل خانہ کے فیصلے کا انتظار ہوگا۔
کراچی کنگز کو شکست دینے کے بعد پریس کانفرنس کے انہوں نے کہا کہ کراچی کنگز کے خلاف حکمت عملی کے تحت کھیلے، اس سے قبل ملتان سلطانز کے خلاف کچھ غلطیاں کیں جس کی وجہ سے شکست ہوئی۔ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ پاکستان جارہی ہے جو خوش آئند ہے، پاکستانی کرکٹ سے بہت لگاو رکھتے ہیں اور اپنے ہوم گراونڈ میں کھلاڑیوں کو کھیلتا دیکھنا اچھی چیز ہے۔پاکستان جانے سے متعلق سوال پر شین واٹسن نے کہا کہ پاکستان جانے سے پہلے زیادہ اہمیت کا حامل یہ ہے کہ ہم فائنل میں پہنچیں اور ٹیم اس کے لئے بھرپور کوشش کر رہی ہے۔واٹسن کا کہنا تھا کہ میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ پاکستان جانے کے لئے کچھ رکاوٹیں ہیں تاہم والدین اور اہلیہ سے مشاورت کروں گا اور ان کے فیصلے کے مطابق پاکستان جانے یا نہ جانے کا فیصلہ کروں گا۔