شریف فیملی کے خلاف 3 ارب کی منی لانڈرنگ کے شواہد حاصل کرلیے گئے
نیب رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اب تک شریف فیملی کے متعلق 3 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کرنے کے شواہد حاصل کرلئے گئے ہیں۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق نیب نے رمضان شوگر مل کے مینجر اور شریف فیملی کے فرنٹ مین محمد مشتاق عرف چینی کی تفتیشی رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرادی ہے، اور ایکسپریس نیوز نے رپورٹ کی کاپی بھی حاصل کرلی ہے۔
تفتیشی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیب نے اب تک 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی منتقلی کے دستاویزی ثبوت اور ہانگ گانگ میں قائم گرین لینڈ، دوبئی میں براسل، ایم پی ٹریڈنگ اور الودی کمپنی کا ریکارڈ حاصل کرلیا ہے، جب کہ سوفٹ میسجز، آر فارمز، اور بینکوں کا ریکارڈ بھی حاصل کیا ہے۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: شریف فیملی کا مبینہ فرنٹ مین دبئی فرار ہوتے ہوئے گرفتار
رپورٹ کے مطابق شریف فیملی کو ٹیلی گراف کے ذریعے ایک لاکھ سے 2 لاکھ 50 ہزار امریکن ڈالر منتقل ہوئے، شہبازشریف کے صاحبزادے سلمان شہباز نے وقار ٹریڈنگ کے نام سے کمپنی بنا رکھی ہے جو شریف فیملی کے ذاتی ملازم سید طاہر نقوی کے نام پر رجسٹرڈ ہے، ملازم کی کمپنی وقار ٹریڈنگ میں بھاری رقوم بزریعہ کراس چیک جمع ہوتے رہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مشتاق چینی کے بیٹے یاسر مشتاق کے نام پر بھی غیر ملکی کرنسی منتقل ہوتی رہی ہے جب کہ نیب نے اب تک شریف فیملی کے متعلق 3
ارب روپے کی منی لانڈرنگ کرنے کے شواہد حاصل کیے ہیں۔