بھارت کے بزدلانہ حملے میں زخمی ہونے والے شاہ صاحب اور ان کے مکان کی ویڈیو منظر عام پر آگئی

بھارت کے سرجیکل سٹرائیک کے ڈرامے میں زخمی ہونے والے شاہ صاحب (سید نوران شاہ) نامی شخص اور ان کے گھر کی ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے ۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں بھارت کی رسوائی واضح طور پر نظر آرہی ہے۔

کامیڈین سید شفاعت علی نے فیس بک پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ بھارت کے فضائی حملے میں 300 دہشتگردوں کے مارے جانے کی ویڈیو لیک ہوئی ہے‘۔ اس ویڈیو کے ساتھ شفاعت علی نے ’ بھاگتے چور کا لنگوٹ‘ ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح بزدل بھارتی پائلٹس ایک پہاڑی پر اپنا پے لوڈ گرا کر پاک فضائیہ کے طیاروں سے اپنی جان بچا کر بھاگے۔ ویڈیو میں زخمی ہونے والے سید نوران شاہ کو بھی دیکھا جاسکتا ہے جو معمولی زخمی ہوئے اور ان کے سر پر پٹی بندھی ہوئی ہے اور ان کے مکان کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ انہوں نے پاکستان کے علاقے بالا کوٹ میں سرجیکل سٹرائیک کی ہے۔ بھارتی ایئرفورس کے 12 میراج طیاروں نے اس حملے میں جیش محمد کے ٹریننگ کیمپ کو نشانہ بنایا اور 300 افراد کو ہلاک کیا۔ یہاں یہ وضاحت بھی ضروری ہے کہ بھارت نے اپنے حملے کو سچا ثابت کرنے کیلئے ابھی تک کوئی ثبوت پیش نہیں کیا اور جتنی بھی خبریں آئیں وہ پاکستان کی جانب سے ثبوت کے ساتھ آئیں۔

پاکستان کا موقف ہے کہ انڈین ایئر فورس کے طیارے پاکستانی حدود میں داخل ہوئے لیکن پاک فضائیہ کی بروقت کارروائی نے انہیں دم دبا کر بھاگنے پر مجبور کردیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی طیاروں نے واپسی پر اپنا پے لوڈ ایک جنگل میں گرایا جس کی وجہ سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ رات کے وقت انہوں نے دھماکے کی آواز سنی اور جب انہوں نے تحقیق کی تو پتا چلا کہ بھارتی طیارے ایک پہاڑی پر بم گرا کر گئے ہیںجس کے نتیجے میں کچھ گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ ایک عینی شاہد نے برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’ہمارے سید ہیں، سید نوران شاہ وہ بھی زخمی ہوئے ہیں اور ان کے گھر کو بھی نقصان پہنچا ہے۔‘

Leave A Reply

Your email address will not be published.