ساہیوال واقعہ ، حکومت کہتی ہےجاں بحق ہونے والے دہشتگرد تھے توصوبائی وزیر نے امداد کا اعلان کیوں کیا : سراج الحق
جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت کہتی ہے کہ ساہیوال واقع میں جاں بحق ہونے والے دہشتگرد تھے تو پھر صوبائی وزیر نے ان کے اہل خانہ کیلئے 2 کروڑ روپے کی امداد کا اعلان کیوں کیا گیا ۔
ایوان بالا میں جماعت اسلامی کے اور سینیٹر سراج الحق نے سانحہ ساہیوال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے جھوٹ بولا ہے جبکہ حکومت نے اعلان کیا تھا کہ وہ عوام کے ساتھ جھوٹ نہیں بولیں گے ، کل 24 گھنٹے میں حکومت نے 6 اور 7 بار اپنے بیانات پر یو ٹرن لیا ہے ۔
سراج الحق کا کہناتھا کہ پاکستان کے آئین کے ہر شہری کو زندگی کا حق دیتا ہے ، پر سوں دن کی روشنی میں پنجاب حکومت نے ایک بے گناہ شہری ، اس کی بیوی اور بیٹی سے زندگی کا حق چھین لیا ہے ، حکومت کہتی ہے یہ دہشتگرد تھے اگر وہ دہشتگرد تھے تو پھر صوبائی وزیر نے ان کے اہل خانہ کیلئے 2 کروڑ روپے کی امداد کا اعلان کیوں کیا ؟۔
ان کا کہناتھا کہ ساہیوال واقعہ کی جو ایف آئی آر کاٹی گئی ہے وہ بھی کسی کے نام کے ساتھ درج نہیں ہوئی اور جاں بحق ہونے والے شہری کا بھائی کہتا ہے کہ انہوں نے میرے بھائی، بھابھی اور بھتیجی کو قتل کیا اور دوسری طرف ہمارا سامان بھی چوری کر لیا ۔
سراج الحق کاکہناتھا کہ ہمارا معاشرہ جنگل کا معاشر ہ بن گیا ہے ، ہمارے معاشرے میں غریب کے خون کی کوئی قیمت نہیں ہے ، شکرہے کہ یہ واقع دن کے کی روشنی میں ہوا جہاں اسے سینکڑوں لوگوں نے دیکھا اور اس واقعے کی موبائل سے ویڈیو بنائی ، اس واقع کیلئے مذمت کے الفاظ ناکافی ہیں ۔