آپ اپنا اسمارٹ فون غلط طریقے سے تو چارج نہیں کررہے؟
ہم جانتے ہیں کہ ہمارے اسمارٹ فون کی بیٹریاں مشکل سے ایک دن ہی چلتی ہیں اور ہم انہیں بار بار چارج کرنے پر مجبور ہیں لیکن کیا ہم موبائل فون کی بیٹریاں درست طریقے سے چارج کررہے ہیں؟
موبائل فون بیٹری بنانے والی ایک کمپنی کیڈکس کی بیٹری یونیورسٹی نامی ویب سائٹ کے مطابق اس کا جواب ’ہاں‘ میں ہے۔
اکثر افراد بیٹری اسی وقت چارج کرتے ہیں جب فون مردہ ہونے والا ہوتا ہے جو ایک غلط طریقہ ہے۔ بیٹری یونیورسٹی کے مطابق لیتھیم آئن بیٹریاں بہت حساس ہوتی ہیں اور ان پر چارج کا دباؤ ان کی زندگی گھٹا سکتا ہے۔ اس لیے بیٹری چارج کرنے کےلیے آپ کو اپنا رویہ تبدیل کرنا ہوگا۔ اس کا پہلا مشورہ یہ ہے:
اوور چارجنگ سے بچیے
بیٹری فل ہوجانے پر فوراً چارجنگ بند کردیجیے اور رات کے وقت چارج کرکے صبح فون دیکھنے کی عادت ختم کردیجیے کیونکہ اس بیٹری کے اندر کا کیمیائی نظام شدید متاثر ہونے لگتا ہے۔ یہ بالکل ایسا ہی ہے کہ بیٹری پوری ہوجانے کے بعد بھی اس پر چارج کی بھرمار جاری رکھی جائے۔
بیٹری 100 فیصد تک چارج ہی نہ کیجیے
بیٹری یونیورسٹی کے مطابق لیتھیم آئن بیٹریوں کو 100 فیصد تک چارج کرنا درست نہیں۔ اس سے بیٹری میں چارج کی بھرمار ہوگی اور اندر بگاڑ کا عمل شروع ہوجائے گا۔ اس کے بجائے جب بھی وقت ملے، بیٹری کو تھوڑا چارج کرتے رہیے جس سے بیٹری پر اضافی دباؤ نہیں پڑتا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ بیٹری کو ایک دم غٹاغٹ سے چارج کرنے کے بجائے دن کے مختلف اوقات میں چارج کیجیے۔
10 فیصد چارج کم ہونے پر فون پلگ سے لگائیں
اب کسے معلوم کہ دن میں کتنی مرتبہ چارج کیا جائے۔ اگر آپ دفتر یا گھر میں ہیں اور بیٹری کی چارجنگ 10 فیصد گرچکی ہے تو اسے چارج کیا جاسکتا ہے۔ اس طرح دن کے مختلف اوقات میں اسے چارج کرتے رہیے۔ اس طرح ایک طویل عرصے تک اسمارٹ فون کی بیٹری بہترین حالت میں رہے گی۔
بیٹری کو ٹھنڈا رکھیے
گرمی اور حرارت موبائل فون بیٹری کی دشمن نمبر ایک ہیں۔ اسی لیے فون کو کسی گرم جگہ پر نہ رکھیے۔ جتنا ممکن ہو فون کو ٹھنڈا رکھیے۔ چارجنگ کے دوران بیٹری مزید گرم ہوجاتی ہے اور اسے چارجنگ کے وقت دھوپ میں نہ رکھیے۔ اس طرح بیٹری بہترین حالت میں رہے گی۔