اسٹیو جابز کی بیٹی کے اپنے والد پر سنگین الزامات
دنیا کی صفِ اوّل کی ٹیکنا لوجی کمپنی ’’ایپل کارپوریشن‘‘ کے شریک بانی اور سابق سی ای او اسٹیو جابز کی بیٹی لیزا برینن جابز نے اپنے والد پر خودغرضی کا الزام لگایا ہے۔
اسٹیو جابز کی بیٹی لیزا برینن جابز امریکا کی معروف مصنفہ ہیں۔ حال ہی میں ان کی کتاب ’’اسمال فرائی‘‘ منظر عام پر آئی ہے جس میں انہوں نے اپنے والد سے متعلق کئی اہم انکشاف کیے ہیں۔ لیزا نے کتاب میں لکھا ہے کہ میری پیدائش کے وقت میرے والد نے مجھے قبول نہیں کیا تھا اور میری پیدائش کے دوسال بعد تک وہ اس بات سے انکاری رہے تھے کہ میں ان کی بیٹی ہوں، یہ میری زندگی کی مشکل شروعات تھی۔
لیزا کی کتاب سے لیے گئے ایک اقتباس کے مطابق ان کی پیدائش کے بعد ان کی والدہ کرسین نے گھروں اور ہوٹلوں میں کام کرکے ان کی پرورش کی لیکن ان کے والد نے ان کی کوئی مدد نہیں کی۔ بالآخر دوسال بعد اسٹیو جابز نےان کے خرچے کےلیے پیسے دینے شروع کیے لیکن جب بھی وہ رحم دلی نہیں دکھاتے تھے۔
لیزا نے لکھا: ’’میرے والد نے مجھے اپنانے سے انکار کردیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں کسی اور کی بیٹی ہوں لیکن ڈی این اے ٹیسٹ کروانے کے بعد رپورٹ کے نتائج 94.4 فیصد تک میچ ہوئے جس کے بعد یہ واضح ہوگیا کہ اسٹیو جابز ہی میرے والد ہیں۔‘‘
رپورٹ کے نتائج منظرعام پر آنے کے بعد اسٹیو جابز مجھے ہر ماہ خرچ کےلیے 385 امریکی ڈالرز دینے کے پابند ہوگئے۔ بعد ازاں یہ رقم بڑھ کر 500 ڈالرز ہوگئی اور وہ مجھے یہ پیسے اس وقت تک دینے کے پابند تھے جب تک کہ میں 18 سال کی نہیں ہوجاتی۔
لیزا نے اپنی مزید دکھ بھری کہانی بیان کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ سات سال کی ہوئیں تو اس وقت تک وہ اور ان والدہ کرائے کے 13 مکانات تبدیل کرچکی تھیں، ’’میرے والد مہینے میں ایک مرتبہ ہم سے ملنے آتے تھے۔ ایک بار جب وہ ہم سے ملنے آئے تو میں نےان سے کہا کہ میں ایک بار آپ کی کار لے سکتی ہوں، جس پر انہوں نے نہایت سرد مہری سے کہا ’بالکل نہیں‘ جس کے بعد مجھے محسوس ہوا کہ مجھ سے غلطی ہوگئی، مجھے ان سے کچھ نہیں ملے گا۔‘‘ لیزا نے مزید لکھا ’’آج بھی میرے والد کی دوسری فیملی کے ساتھ میرے تعلقات کشیدہ ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ اسٹیو جابز ’’ایپل کارپوریشن‘‘ کے شریک بانی تھے جو آج کل اپنے آئی فون، آئی پیڈ اور اسی طرح کی دوسری ٹیکنالوجی مصنوعات کی بناء پر عالمی شہرت رکھتی ہے۔ اسٹیو جابز کے ذاتی اثاثوں کی مالیت 2011 میں 10.2 ارب ڈالرز تھی۔ آج ایپل کارپوریشن کے اثاثوں کی مالیت دس کھرب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔