یکدم سٹاک مارکیٹ میں 1450 پوائنٹس تک کمی کیوں ہوئی؟ جاوید چوہدری کا خوفناک انکشاف

سینئر صحافی و اینکر پرسن جاوید چوہدری کا کہنا ہے کہ پیر کے روز سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی وزیر اعظم عمران خان کے انٹرویو کی وجہ سے ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی عمران خان نے یہ بیان دیا کہ قبل از وقت انتخابات ہوسکتے ہیں تو اس کے فوری بعد سٹاک مارکیٹ میں 1450 پوائنٹس تک کمی آگئی۔

جاوید چوہدری نے اپنے پروگرام میں وزیر اعظم عمران خان کے 7 اینکرز کو دیے گئے 2 گھنٹے پر مبنی انٹرویو پر کڑی تنقید کی ۔ انہوں نے عمران خان کی 4 باتوں کو ’ خوفناک انکشافات‘ قرار دیا ۔ وزیر اعظم کی جانب سے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیے جانے پر جاوید چوہدری نے کڑی تنقید کی اور کہا اکانومی ایک رات میں تباہ ہورہی ہے روپیہ ڈالر کے مقابلے میں 8 روپے کم ہوگیا اور ملکی قرضوں میں بیٹھے بیٹھے 750 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا لیکن وزیر اعظم سمیت ساری حکومت لا علم رہی۔کیا معیشت پر نظر رکھنا حکومت کی ذمہ داری نہیں ، اگر حکومت معیشت کی ذمہ دار نہیں تو کون ذمہ دار ہے۔ کیا یہ معاشی دہشتگردی نہیں، اگر ہے تو اس کا ذمہ دار کون ہے؟۔

جاوید چوہدری نے وزیر اعظم کی جانب سے قبل از وقت انتخابات کی بات کیے جانے کو سٹاک مارکیٹ میں مندی کی وجہ قرار دیا اور کہا ابھی آپ کی حکومت کو صرف 105 دن ہوئے ہیں، ملک تاریخ کے خوفناک ترین معاشی بحران سے گزر رہا ہے اور آپ نے جلد الیکشن کا عندیہ دے کر اس بحران میں خوفناک اضافہ کردیا۔ وزیر اعظم کے منہ سے یہ بات نکلنے کی دیر تھی کہ سٹاک مارکیٹ ساڑھے 14 سو پوائنٹس نیچے آگئی، اس صورتحال میں ملک میں کون سرمایہ کاری کرے گا۔

وزیر اعظم کی جانب سے چیف جسٹس کے وزیر اعلیٰ پنجاب اور زلفی بخاری کے حوالے سے ریمارکس پر افسو س کا اظہار کیے جانے پر جاوید چوہدری نے قوم کو مبارکباد دی اور کہا پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے بعد اب تحریک انصاف کو بھی عدالت ، انصاف اور چیف جسٹس کے ریمارکس پر افسوس ہونا شروع ہوچکا ہے۔کیا حکومت وقت اور وزیر اعظم کو سپریم جوڈیشری اور ملک کے اہم ترین عہدے کے بارے میں یہ کہنا چاہیے تھا، کیا یہ سیدھی سادی توہین عدالت نہیں ہے؟۔

عمران خان کے ’ فوج حکومت کے ہر فیصلے کے ساتھ کھڑی ہے‘ کا بیان دیے جانے پر جاوید چوہدری نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ جانتا ہے کہ فوج ایک غیر جانبدار ادارہ ہے لیکن عمران خان نے پاک فوج کے بارے میں بات کرکے اس ریاستی ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے۔

Source

Leave A Reply

Your email address will not be published.