تاجروں نے فوری طور پر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا، بڑی خبر آگئی
حکومت سے معاہدہ طے پانے کے بعد پاکستان بھر کے تاجروں نے ملک گیر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
پاکستان بھر کے تاجروں نے ایف بی آر کی جانب سے عائد کی جانے والی شناختی کارڈ کی شرط کے خلاف دوسرے روز بھی شٹر ڈاﺅن ہڑتال کی۔ ہڑتال کے نتیجے میں ملک بھر میں کاروبار زندگی معطل رہا اور زندگی کا پہیہ رکا رہا۔ دوسرے دن بھی ہڑتال کامیاب ہوتی نظر آئی تو حکومت نے مذاکرات کیلئے ٹیم بھیجی جس نے تاجر رہنماﺅں کے ساتھ مذاکرات کیے۔
تاجروں کے ساتھ مذاکرات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ شناختی کارڈکے ذریعے خریدوفروخت کی شرط پرکارروائی 31جنوری تک موخر کردی گئی ہے۔ حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد تاجر رہنماﺅں نے فوری طور پر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
تاجروں اور حکومت کے مابین طے پانے والے معاہدے کے مطابق 10 کروڑ تک کی ٹرن اوور والا تاجر ڈیڑھ فیصد ٹرن اوور ٹیکس کے بجائے 0.5 فیصد ٹرن اوور ٹیکس دے گا اور یہ ود ہولڈنگ ایجنٹ بھی نہیں بنے گا۔ تاجروں کے مسائل حل کرنے کیلئے ایف بی آر میں خصوصی ڈیسک قائم کیا جائے گا جس میں گریڈ 20یا 21 کا افسر تعینات کیا جائے گا۔ معاہدے میں طے پایا ہے کہ ایک ہزار مربع فٹ کی دکانیں سیلز ٹیکس رجسٹریشن سے مستثنیٰ ہوں گی۔