’میں سعودی عرب کو سخت سزا دوں گا اگر۔۔۔‘ ٹرمپ نے انتہائی خطرناک اعلان کردیا

ترکی میں سعودی قونصل خانے کے اندر صحافی کے قتل کی مبینہ واردات پر امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ پہلے بھی سعودی عرب کو متنبہ کر چکے ہیں اور اب انہوں نے ایک انٹرویو میں اس حوالے سے انتہائی خطرناک اعلان کر دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق صدر ٹرمپ نے ٹی وی پروگرام 60منٹس میں سعودی صحافی جمال خشوگی کے مبینہ قتل کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ”اگرسعودی عرب جمال خشوگی کی گمشدگی میں ملوث پایا گیا تو اسے سخت سزا دی جائے گی۔ فی الوقت سعودی عرب کی طرف سے انکار کیا جا رہا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ اس کا جمال خشوگی کی گمشدگی سے کوئی تعلق نہیں، لیکن کیا وہ اس میں ملوث ہو سکتے ہیں؟ ہاں۔“

صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ”زیادہ وقت نہیں لگے گا، بہت جلد ہمیں جمال خشوگی کے متعلق اٹھنے والے سوالات کا جواب مل جائے گا۔ “ سعودی عرب پر پابندیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ”سعودی عرب ہم سے 110ارب ڈالر کا اسلحہ اور فوجی سازوسامان خرید رہا ہے۔ ہمیں اس پر پابندیاں عائد کرنے میں احتیاط کا مظاہرہ کرنا ہوگا کیونکہ اس سے امریکہ کی معیشت پر بہت برا اثر پڑے گا۔ اس سے یہاں بیروزگاری بڑھ جائے گی۔میں صرف اتنا چاہتا ہوں کہ امریکہ میں کسی کی نوکری متاثر نہ ہو، چنانچہ میں سعودی عرب کے ساتھ ہونے والا اتنا بڑا معاہدہ ختم نہیں کرنا چاہتا۔اسے سزا دینے کے کئی اور راستے موجود ہیں۔ہم جمال خشوگی کے معاملے کی تہہ تک جائیں گے اور سعودی عرب ملوث ہوا تو اسے کڑی سزا ملے گی۔

Source

Leave A Reply

Your email address will not be published.