پاکستان کا وہ شہر جہاں زیادہ تر ٹرائی رومز میں خواتین کی خفیہ ویڈیوز بنائی جاتی ہیں – انتہائی غیر اخلاقی رپورٹ آ گئی
فیصل آباد کے متعدد شاپنگ مالز کے ٹرائی رومز غیرمحفوظ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں فیصل آباد میں ایک معروف گارمنٹ اسٹور کے ٹرائی روم میں خفیہ کیمرے برآمد ہوئے تھے جس کے بعد ڈپٹی کمشنر نے شاپنگ مالز کے معائنے کے لیے 6 رکنی انسپیکشن کمیٹی قائم کی تھی۔کمیٹی نے شہر کے 58 شاپنگ مالز میں ٹرائی رومز کی انسپیکشن کی اور اپنی رپورٹ میں صرف 17 شاپنگ مالز کو کلیئر قرار دیا ہے۔
رپورٹ میں متعدد شاپنگ مالز کے ٹرائی رومز کے قریب سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کیمرے ٹرائی رومز کے انتہائی قریب یا اوپر نصب ہیں جب کہ متعدد ٹرائی رومز کی دیواروں میں سوراخ پائے گئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق چند عمارتوں کے ٹرائی رومز بطور کچن بھی استعمال ہو رہے ہیں اور متعدد ٹرائی رومز میں نصب شیشے بھی بے پردگی کا باعث ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کئی ٹرائی رومز کی چھت کی بناوٹ ایسی کہ خفیہ کیمروں کی شناخت نہیں ہو سکتی۔کمیٹی نے رپورٹ میں ٹرائی روم کو محفوظ بنانے کیلئے سفارشات بھی مرتب کیں ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں فیصل آباد میں پولیس نے ایک نوجوان کی شکایت پر پیپلز کالونی میں واقع ملبوسات کے اسٹور پر چھاپہ مارا تھا اور خواتین کے ٹرائی روم میں خفیہ کیمرے لگانے کے الزام میں 2 ملازمین کو حراست میں لے لیا تھا۔