وزیراعلیٰ عثمان بزدار اچانک میو ہسپتال پہنچ گئے اور ایسی چیز دیکھ لی کہ ایم ایس کو معطل کر دیا
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اچانک لاہور کے معروف میو ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایمرجنسی وارڈز میں مفت دوائیاں نہ ملنے اور ہسپتال صحت سے متعلق سہولیات پر عد م اطمینان کا اظہار کیا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے میو ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر طاہر خلیل اور ڈرگ کنٹرولر ارشاد حسین کو پیڈا ایکٹ کے تحت عہدے سے ہٹا دیاہے اور ڈپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے میو ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر اسد اسلم خان کو ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر وارننگ بھی جاری کی ۔عثمان بزدار نے مریضوں کے اہل خانہ کی جانب سے ہسپتال سے ادویات مفت نہ ملنے کے باعث مارکیٹ سے خریدنے کی شکایات پر چیف فارمسسٹ کی سخت سرزنش کی ۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایمرجنسی کی حالت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے بڑے ہسپتال میں شناختی کارڈ جمع کروا کر ویل چیئر دینا درست نہیں ، میں نے شناختی کارڈلیے بغیر ویل چیئر فراہم کرنے کی ہدایت کر دی ہے کیونکہ یہ مریضوں کیلئے ہی ہیں ۔