حکومت کا وزارت خزانہ کا قلمدان اسد عمر سے لے کر شمشاد اختر کو دینے کا فیصلہ: نجی ٹی وی چینل کا دعویٰ
توقع کے مطابق کارکردگی ظاہر نہ کرنے پر حکومت نے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ نئے ناموں میں سابق نگران وزیر خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک شمشاد اختر کا نام سر فہرست ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم
عمران خان نے چند روز قبل سینئر صحافیوں سے ملاقات کی، ملاقات میں 100 روزہ کارکردگی کے حوالے سے مختلف امور زیر بحث لائے گئے۔ ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے صحافیوں کو عندیہ دیا کہ آئندہ چند روز میں وفاقی کابینہ میں رد و بدل ہو سکتی ہے جبکہ ہو سکتا ہے کہ ملک میں قبل از وقت انتخابات بھی ہوں۔
اس حوالے سے تازہ ترین خبر سامنے آئی ہے کہ وزیر اعظم نے وفاقی وزیر خزانہ کی کارکردگی سے مایوس ہو کر وزارت خزانہ کا قلمدان واپس لینے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ حکومت کی جانب سے مختلف ناموں پر غور کیا جارہا ہے تاہم امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ وزارت خزانہ کا قلمدان سابق نگران وزیر خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک شمشاد اختر کو سونپ دیا جائے۔ اس حوالے سے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ شمشاد اختر کے علاوہ اور بھی 2 نام اس دوڑ مین شامل ہیں تاہم شمشاد اختر ان میں سر فہرست ہیں۔
خیال رہے کہ دو روز قبل بھی یہ خبریں ساممنے آئی تھیں کہ وزیر اعظم ہاؤس میں وزیر اعظم عمران خان نے اسد عمر کی کارکردگی پر اظہار برہمی کرتے ہوئے انہیں مستعفی ہونے کا کہا تھا تاہم اس حوالے سے اسد عمر نے وضاحت جاری کی تھی کہ وزیر اعظم ہاؤس میں ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا اور نہ ہی مجھے مستعفی ہونے کا کہا گیا ہے۔