وزیراعظم کا 10سالہ بچی سے زیادتی اور قتل کا نوٹس، ترجمان پاک فوج کی مذمت
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے 10 سالہ بچی فرشتہ سے زیادتی اور قتل کا نوٹس لے لیا جب کہ ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے بچی کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے 10 سالہ بچی فرشتہ سے زیادتی کے بعد قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی آپریشنز سے وضاحت طلب کرلی۔ وزیراعظم نے ایس ایچ او کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایس ایچ او کے خلاف فوری طور پر محکمانہ کارروائی شروع کی جائے۔
وزیراعظم نے جوڈیشل انکوائری مکمل ہونے تک ڈی ایس پی کو معطل اور ایس پی کو او ایس ڈی بنانے کا حکم دیا جب کہ روزانہ کی بنیاد پر واقعے کی اپ ڈیٹس دینے کی بھی ہدایت کی۔
دوسری جانب پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے اپنی ٹوئٹ میں معصوم فرشتہ کے بہیمانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لانا چاہیے جب کہ پاک فوج فرشتہ قتل کیس میں ہر قسم کی مدد کے لئے تیار ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بھی کہا کہ جو مکروہ اور قابلِ نفرت عناصر ہمارے معصوم بچوں کو نشانہ بنارہے ہیں ہمیں ان کے خلاف یکجا ہوکر ا ٹھنا ہوگا تا کہ اپنی نسل کا مستقبل محفوظ بنا یا جاسکے۔
واضح رہے گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت میں معصوم فرشتہ کوزیادتی کے بعد قتل کردیا گیا تھا، پولیس نے شک کی بنیاد پر 3 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
Brutal murder of innocent Farishta is highly condemnable. Those responsible must be brought to justice. Army is ready to provide any support in this regard. We must rise and join to protect our future generations from vile and despicable elements who prey on vulnerable children.
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) May 22, 2019