پی آئی سی میں تشدد پر وزیراعظم نے فیاض الحسن چوہان کو فون کرکے کیا کہا؟جانئے
وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کے وزیراطلاعات فیاض چوہان کو ٹیلی فون کیاہے جس میں انہوں نے کہاآپ نے اپنا فرض پورا کیا ہے،حوصلے پست نہیں ہونے چاہئیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے فیاض الحسن چوہان کوٹیلی فون کیا ہے اور ان کی خیریت دریافت کرنے کے ساتھ پی آئی سی واقعے پر معلومات لی ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا وہ صوبائی وزیراطلاعات پر ہونے والے تشدد کی مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا آپ بروقت پہنچے ۔وزیراعظم نے معاملے کو جراتمندی کے ساتھ حل کرنے پر ان کے حوصلے کوسراہااور کہا فیاض الحسن چوہان جیسے لوگ پارٹی کاسرمایہ ہیں۔وزیراعظم نے کہا کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔عمران خان نے کہا معاملات کو صبر و تحمل کے ساتھ سلجھایاگیااور شرپسندوں کی سازش ناکام ہوئی۔پنجاب حکومت ٹھوس اقدامات کرکے آیندہ ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنائے۔ کل کاواقعہ شرمناک ہے،حکومت پنجاب کی حکمت عملی سے زیادہ نقصان سے بچ گئے۔معاشرے کے ہرشعبے کا ہم نے تحفظ کرنا ہے۔
کسی کو اسپتالوں میں بلوے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔وزیراعظم نے فیاض چوہان کو لاہور میں رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں تمام تفصیلات لمحہ بہ لمحہ فراہم کی جائیں۔
دوسری جانب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ وکلا گردی کے پیچھے بیرونی عناصر ملوث ہیں تاہم کسی کو بھی امن و امان کی صورتحال خراب نہیں کرنے دیں گے۔انہوں نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار وکلا اور ڈاکٹرز میں کشیدگی کے معاملے کی خود نگرانی کررہے ہیں۔