وزیر خزانہ اسد عمر کا مستعفیٰ ہونے کا اعلان
وزیر خزانہ اسد عمر نے وزارت سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کردیا ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر وزیر خزانہ اسد عمر نے وزارت چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ میں قلمدانوں کے ردو بدل کے دوران وزیراعظم عمران خان مجھے خزانہ کے بجائے توانائی کا قلمدان دینا چاہتے تھے تاہم وزارتوں کی تبدیلی میں کوئی بھی محکمہ لینے سے انکار کر دیا ہے۔
اسدعمر نے ٹوئٹ میں کہا کہ پورا یقین ہے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی ہی پاکستان کے لیے واحد امید ہے، انشاء اللہ عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی نیا پاکستان بنائے گی۔
بعدازاں اسد عمر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نئے وزیر خزانہ کو بھی مشکلات کا سامنا ہوگا اور وہ ایک مشکل معیشت سنبھالے گا، وزیراعظم کے بعد مشکل ترین عہدہ وزیر خزانہ کا ہے، کوئی شک نہیں کہ بہتری کی طرف جارہے ہیںِ، صرف تھوڑا صبر کرنے کی ضرورت ہے، اگر مشکل فیصلے نہیں کیے گئے تو کھائی میں گرسکتے ہیں، لوگ تین ماہ میں معجزوں اور دودھ شہد کی نہریں بہنے کی توقع نہ کریں۔
As part of a cabinet reshuffle PM desired that I take the energy minister portfolio instead of finance. However, I have obtained his consent to not take any cabinet position. I strongly believe @ImranKhanPTI is the best hope for Pakistan and inshallah will make a naya pakistan
— Asad Umar (@Asad_Umar) April 18, 2019
واضح رہے کہ ملک کی معاشی حالت کے پیش نظر حکومت بالخصوص اسد عمر پر تنقید کی جارہی تھی، اس کے علاوہ اسد عمر کو کابینہ میں بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، صورت حال اس حد تک جاپہنچی تھی کہ چند روز قبل کابینہ میں رد و بدل کی بھی خبریں منظر عام پر آئی تھیں تاہم وزیر اطلاعات نے اس کی تردید کردی تھی۔