”اس وزیر کا قلمدان تبدیل کرنے کا فیصلہ ہو چکاہے اور فواد چوہدری اس کی تردید نہ ہی کریں تو بہتر ہے “ سینئر صحافی حامد میر نے بڑا دعویٰ کر دیا
سینئر صحافی حامد میر نے دعویٰ کیاہے کہ پارلیمانی امور کے وزیر اعجاز شاہ کو وزیر داخلہ کا عہدہ دیے جانے کا امکان ہے جبکہ وزیر پٹرولیم سرور خان کے قلمدان کی تبدیلی کا فیصلہ بھی ہو چکاہے ۔
نجی ٹی وی جیونیوز کے پروگرام ” کیپٹل ٹاک “ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی حامد میر نے کہاہے کہ اخبارات میں ایک خبر شائع ہوئی جس کے مطابق وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور اعجاز شاہ نے کہا کہ عوام دھوکہ بازوں کی کال پر سڑکیں بلاک نہ کریں ور نہ چھترول ہو گی ۔ حامد میر نے کہا کہ اعجاز شاہ کو ابھی چند ہی دن ہوئے ہیں وفاقی وزیر بنے اور ان کا لب و لحجہ کسی وزیر داخلہ کا لگ رہاہے اور یہ بھی خبریں ہیں کہ وزیراعظم عمران خان کے پاس جو وزارت داخلہ کا عہدہ بھی ہے وہ اسے چھوڑ دیں گے اور شائد اعجاز شاہ اسے ٹیک اوور کر لیں گے ۔
حامد میر نے کہا کہ اتنی بات مجھے پتا ہے لیکن وفاقی وزیر اطلاعات نے تردید کردی اور کہا کہ وزراکے قلمدانوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہو رہی تاہم میرا خیال ہے کہ انہیں تردید کرتے ہوئے کچھ احتیاط کرنی چاہیے تھی کیونکہ وزیر پٹرولیم سرور خان کا قلمدان تو تبدیل کرنے کا فیصلہ ہو چکاہے اور اس کی اگر تردید نہ ہی کریں تو بہتر ہے ۔