اگلے 30 سالوں میں پاکستان کی معیشت کا شمار بڑی مارکیٹ میں ہو گا، ورلڈ بینک

ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر الانگو پاچامیتھو کا کہنا ہے کہ اگلے تیس سالوں میں پاکستان کی معیشت کا شمار بڑی مارکیٹ میں ہو گا۔

اسلام آباد میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر الانگو پاچامیتھو کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت کو مختلف مسائل کا سامنا ہے، یہاں آبادی کا تناسب گروتھ ریٹ سے دوگنا ہے، مسائل کے حل کیلئے مختلف شعبوں میں شرح نمو بڑھانے کی ضرورت ہے، حکومت کی ترجیحات درست سمت میں ہیں اور اگلے تیس سالوں میں پاکستان کی معیشت کا شمار بڑی مارکیٹ میں ہو گا۔

ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی نسبت بنگلہ دیش اور ویتنام میں صحت اور تعلیم کے لئے زیادہ بجٹ مختص کیا جاتا ہے، کراچی ملکی معیشت کا حب ہے لیکن وہاں بھی انفراسٹکچر سمیت بہت سے مسائل ہیں، پاکستان میں انویسمنٹ دیگر ساوٴتھ ایشیائی ممالک کی نسبت کم ہے، ساوٴتھ ایشین ممالک میں پاکستان کی برآمدات بھی کم ہیں، مستحکم نظام کے ذریعے معیشت میں بہتری آ سکتی ہے اور معیشت کی بہتری کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ڈائریکٹر الانگو پاچامیتھو نے کہا کہ پاکستان میں ایگریکلچر میں جدت، اسمال اینڈ میڈم انٹرپرائزز کو فروغ دینے، کاروبار کیلئے سہل طریقہ کار اور آسان ٹیکس سسٹم بہت ضروری ہے۔ اسمال اینڈ میڈم انٹرپرائزز میں ملازمت کے بہت مواقع موجود ہیں، شوگر، کاٹن اور چاول کی فصلوں میں ٹیکنالوجی کے استعمال سے پیداوار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

Source

Leave A Reply

Your email address will not be published.