”ڈاکٹر یاسمین راشد کو انٹرویو کیلئے بلا لیا گیا ہے اور۔۔۔“ پی ٹی آئی رہنماءیاسمین راشد کو کون سا عہدہ دیا جائے گا؟ شاہ محمود قریشی کیلئے پریشان کن خبر آ گئی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عام انتخابات میں برتری حاصل کرنے کے بعد وفاق کیساتھ ساتھ پنجاب میں بھی حکومت بنانے کی کوشش میں مصروف ہے جبکہ وزارت اعلیٰ کیلئے مختلف نام بھی زیر بحث ہیں اور سوشل میڈیا پر بھی خوب بحث جاری ہے۔
گزشتہ روز یہ خبریں بھی سامنے آئیں کہ شاہ محمود قریشی نے وزیر خارجہ بننے سے معذرت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب بننے کی خواہش ظاہر کی ہے اور اس حوالے سے ضمنی انتخاب لڑنے پر بھی غور کر رہے ہیں جبکہ پی ٹی آئی رہنماءعبدالعلیم خان کا نام بھی وزارت اعلیٰ کیلئے زیر گردش ہے تاہم اب ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ڈاکٹر یاسمین راشد کو وزارت اعلیٰ کیلئے انٹرویو لینے کیلئے بلا لیا ہے۔
یہ خبر سامنے آنے کے کچھ دیر بعد ہی ڈاکٹر یاسمین راشد کی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ سے بھی یہ تصاویر جاری کیں اور لکھا کہ وہ نامزد وزیراعظم آف پاکستان عمران خان سے حکومت میں اپنے کردار سے متعلق بات چیت کر رہی ہیں۔
یہ تصاویر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد پنجاب کی وزارت اعلیٰ کیلئے بہترین اور موزوں امیدوار ہیں جنہوں نے اپنے حلقے میں بہترین انتخابی مہم چلائی اور سخت محنت کی تاہم سیٹ لینے میں ناکام رہیں مگر اپنے حلقے کے لوگوں کے دل ضرور جیت چکی ہیں۔