یونان میں پاکستانی شہری کے قتل پر دو ملزمان کو 21 سال قید
یونان میں پاکستانی شہری کے قتل میں ملوث دو ملزمان کو 21،21 سال قید کی سزا سنادی گئی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق یونان کی عدالت نے پاکستانی شہری شہزاد لقمان کو چھریوں کے وار کر کے قتل کرنے کے مجرم 29 سالہ کرسٹوس اسٹیرگیوپولس اور 25 سالہ ڈیونیسس لیاکوپولس کو 21، 21 سال قید کی سزا سنادی گئی ہے۔
قبل ازیں ایک عدالت نے دونوں ملزمان کو عمر قید کی سزا سنائی تھی، سزا میں تخفیف کے لیے ملزمان نے اعلیٰ عدالت سے رجوع کیا جس نے عمر قید کو 21، 2
01سال قید کی سزا میں تبدیل کردیا۔ ملزمان کو قوم پرست شدت پسند جماعت گولڈن ڈان کے خلاف 2015 میں تحقیقات کے دوران حراست میں لیا گیا تھا۔
پولیس نے تحقیقات کے دوران ملزمان کے گھر سے اسلحہ اور شدت پسند تنظیم گولڈن ڈان کا تنظیمی مواد بھی برآمد ہوا تھا تاہم ملزمان نے پاکستانی شہری کو قتل کرنے وجہ نجی تنازع قرار دیتے ہوئے شدت پسند قوم پرست تنظیم گولڈن ڈان سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔
واضح رہے کہ 27 سالہ پاکستانی شہری شہزاد لقمان کو یونان کے دارالحکومت میں چھریوں کے وار کر کے اس وقت قتل کر دیا گیا تھا جب وہ سائیکل پر اپنے دفتر کے لیے جارہے تھے۔