یوسف ٹھیلے والا گرفتار ہوا یا نہیں؟ معاملہ مزید الجھ گیا

96 افراد کی ٹارگٹ کلنگ کے الزام میں مبینہ طور پر گرفتار ٹارگٹ کلر یوسف عرف ٹھیلے کی گرفتاری کا معاملہ الجھ گیا، یہ ابھی تک طے نہیں ہوسکا کہ اسے گرفتار کیا گیا یا نہیں۔

ایکسپریس کے مطابق 96 افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں مبینہ طور پر گرفتار کیے گئے ٹارگٹ کلر یوسف عرف ٹھیلے کی گرفتاری کا معاملہ الجھ گیا، تفتیشی ذرائع کے مطابق سولجر بازار تھانے میں تعینات جن پولیس اہلکاروں نے یوسف عرف ٹھیلے والے کو گرفتار کیا انہوں نے ملزم کی گرفتاری سے انکار کردیا ہے جب کہ سابق ایس اچ او سولجر بازار جاوید سکندر اور اینٹی اسٹریٹ کرائم اسکواڈ کے معطل انچارج عمران گجر کے بیان میں تضاد ہے۔

تحقیقاتی کمیٹی نے ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرنے والی پولیس پارٹی کا بیان ریکارڈ کرلیا جس میں سب انسپکٹر اعجاز حسین، سلیم نیازی، سلیم الدین، ایس ایچ او سولجر بازار اور ایس ایچ او بلوچ کالونی سالم رندھ شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ٹارگٹ کلر یوسف ٹھیلے والا کے خلاف سب انسپکٹر اعجاز حسین کی مدعیت میں سولجر بازار تھانے میں مقدمات درج ہیں مقدمے کے متن کے مطابق یوسف ٹھیلے والے کو نسیم کلاتھ مارکیٹ اسلام گنج گارڈن ویسٹ سے 4 پولیس اہلکاروں نے گرفتار کیا۔ پولیس اہلکار سلیم الدین اور سلیم نیازی نے یوسف عرف ٹھیلے والے کی جامہ تلاشی لی تو 30 بور کا اسلحہ ملا۔

ٹارگٹ کلرکی مزید تلاشی کے دوران اس کی جیب میں موجود سیاہ پلاسٹک کی تھیلی سے ہینڈ گرنیڈ بھی ملا، ٹارگٹ کلر یوسف ٹھیلے والے کا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگیا۔
یوسف ٹھیلے والے نے ساتھی کا نام ریاض الدین عرف قبر کھدا بتایا۔ گرفتار ملزم کے خلاف سولجر بازار تھانے میں مقدمت درج کرکے تفتیش ایس ایچ او بلوچ کالونی ایس ایچ او سالم رندھ کے سپرد کردی گئی تھی۔

Source

Leave A Reply

Your email address will not be published.