یوٹیوب کے ہیڈ کوارٹر پر حملہ، 4 افراد زخمی ، حملہ آور نے خود کشی کرلی
ایک خاتون نے یوٹیوب کے ہیڈ کوارٹر پر حملہ کرکے تین افراد کو گولیاں مار کر زخمی کردیا اور اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کرلیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوٹیوب کے شمالی کیلیفورنیا میں واقع صدر دفتر پر اس وقت ایک خاتون نے ہلہ بول دیا جب ملازمین ایک میٹنگ میں مصروف تھے۔ پولیس کے مطابق یوٹیوب کے صدر دفتر
میں ایک خاتون نے تین افراد کو گولیاں مار کر زخمی کردیا اور پھر خودکشی کر لی ۔زخمی ہونے والے افراد میں سے ایک ملزمہ کا بوائے فرینڈ بتایا گیا ہے جس کی حالت انتہائی نازک ہے۔ اس کے علاوہ ایک 32 سالہ اور 27 سالہ خاتون بھی زخمی ہیں۔تینوں زخمیوں کو زکربرگ سان فرانسسکو جنرل ہسپتال پہنچایا گیا۔ ایک چوتھے شخص کو بھی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ، اس کے ٹخنوں پر چوٹ
آئی ہے۔خیال رہے کہ یوٹیوب کے صدر دفتر میں 1700 لوگ کام کرتے ہیں اور کمپنی کی ملکیت گوگل کے پاس ہے۔ پروڈکٹ مینیجر ٹاڈ شرمین نے ٹوئٹر پر بتایا کہ گولیوں چلنے کے ساتھ ہی عمارت میں افراتفری پھیل گئی، وہ لوگ ایک میٹنگ میں تھے کہ لوگوں کے دوڑنے کی آواز آئی اور فرش پر دھم دھم کی آواز تھی جس پر پہلے تویہ سمجھے کہ یہ کوئی زلزلہ ہے۔