زرین خان زیادتی کی دھمکی دینے والے شخص پر برس پڑیں
نامور بالی ووڈ اداکارہ زرین خان سوشل میڈیا پر اپنے بارے میں نازیبا تبصرہ کرنے والے مداح پر برس پڑیں یہاں تک کہ اسے تھپڑ مارنے کی دھمکی بھی دے دی۔
سوشل میڈیا پر فنکاروں کو صارفین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے جسے ’’ٹرول‘‘ کہا جاتا ہے، ٹرول کا شکارعام طور پر اداکارائیں بنتی ہیں جنہیں صارفین کی جانب سے مختصر لباس پہننے کے ساتھ مختلف وجوہات کی بنا پر مذاق کا نشانہ بنایا جاتا ہے کئی بار تو یہ تبصرے اتنے نازیبا ہوتے ہیں کہ ان سے اداکاراؤں کو شدید تکلیف پہنچتی ہے۔ اسی حوالے سے بھارتی ٹی وی پر نیا شو’’ٹرول پولیس‘‘ شروع کیا جارہا ہے جس میں ان تمام لوگوں کو مدعو کیا جائے گا جو سوشل میڈیا پر فنکاروں کی نجی زندگی سے متعلق نازیبا تبصرے کرتے ہیں۔
حال ہی میں اس شو کا پرومو ریلیز کیا گیا ہے جس میں اداکارہ زرین خان اپنے بارے میں تبصرہ (کمنٹ) کرنے والے شخص کو کھری کھری سناتی نظر آرہی ہیں۔ دراصل جنوری میں سوشل میڈیا پر ایک شخص نے زرین خان کو زیادتی کی دھمکی دی تھی بعدازاں اس شخص کو اس شو میں بلالیا گیا۔ اپنے سامنے اس شخص کو دیکھ کر زرین جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور اسے کھری کھری سناتے ہوئے کہا تم کون ہو، کون پہچانتا ہے تمہیں، تمہیں ڈاکٹر کی ضرورت ہے۔
زرین خان نے شو کے پرومو کی مختصر ویڈیو اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اگر آپ مجھے کچھ کہنا چاہتے ہیں تو میرے منہ پر کہیں، ہجوم کے پیچھے یوزر نام کو استعمال کرتے ہوئے کچھ کہنے کی ضرورت نہیں ہے۔