زلفی بخاری کا نام ای سی ایل سے نکلوانے کے لئے وزارت داخلہ کی جانب سے دباؤڈلوایا گیا: ایف آئی اے
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ میں شامل تھا جسے نکلوانے کے لئے ایف آئی اے پر وزارت داخلہ کی جانب سے دباؤڈلوایا گیا۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف آئی اے کے ذرائع کا کہنا تھا کہ سفر کرنے سے قبل از وقت زلفی بخاری کو اآگا ہ کیا گیا تھا کہ آپ ایئرپورٹ نہ آئیں کیونکہ آپ کا نام بلیک لسٹ میں شامل ہے ۔ایف آئی اے ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ میں شامل تھا جسے نکلوانے کے لئے ایف آئی اے پر وزارت داخلہ کی جانب سے دباؤ ڈلوایا گیا اور کہا گیا کہ سفر سے واپسی پر ان کا بیان لیا جائے۔
واضح رہے کہ دوروز قبل عمران خان کے ساتھ عمرہ ادائیگی کے لئے جانے والے زلفی بخاری کانام ای سی ایل میں ہونے کی وجہ سے ایئرپورٹ پر ایف آئی اے حکام نے زلفی بخاری کوسفر پر جانے سے روک دیا تھا۔جبکہ وزارت داخلہ نے عمران خان کی سفارش پر ایف آئی اے کو زلفی بخاری کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا کہا تھا۔